Saturday, 8 February 2025

دہلی اسمبلی انتخاب: 48 سیٹیں جیت کر بی جے پی نے مچائی دھوم، عآپ 22 سیٹوں پر کامیاب

 




الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دہلی اسمبلی انتخاب کا مکمل نتیجہ برآمد ہو چکا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق بی جے پی کو 48 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں اور عآپ کو 22 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں آیا ہے۔


دہلی میں بی جے پی کی جیت پر وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام، ’دہلی کے خدمت کے لیے وقف رہیں گے‘

دہلی میں بی جے پی کی جیت پر وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں ایکس پر لکھا، ”عوام کی طاقت سب سے بڑی ہے! ترقی کی جیت، بہتر حکمرانی جیتی۔ دہلی کے اپنے تمام بھائیوں اور بہنوں کو بی جے پی کو تاریخی جیت دلانے کے لیے میرا سلام اور مبارکباد! آپ نے جو بھرپور آشیرواد اور محبت دی ہے، اس کے لیے آپ سب کا دل سے شکریہ۔ دہلی کے تمام پہلوو¿ں کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، یہ ہماری گارنٹی ہے۔ ہم یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تشکیل میں دہلی کا اہم کردار ہو۔ مجھے بی جے پی کے اپنے تمام کارکنوں پر فخر ہے، جنہوں نے اس زبردست عوامی فیصلے کے لیے دن رات محنت کی۔ اب ہم دہلی کے عوام کی خدمت میں اور بھی زیادہ قوت کے ساتھ وقف رہیں گے۔“


عوام کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں، بی جے پی کو جیت کی مبارکباد: اروند کیجریوال

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ، اروند کیجریوال نے کہا، ”ہم عوامی فیصلے کو انتہائی عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ میں بی جے پی کو اس جیت پر مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ ان تمام وعدوں کو پورا کرے گی جن کے لیے عوام نے انہیں ووٹ دیا ہے۔ ہم نے گزشتہ 10 سالوں میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے میدان میں بہت کام کیا ہے۔ ہم نہ صرف تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے بلکہ عوام کے درمیان رہ کر ان کی خدمت بھی جاری رکھیں گے۔“



اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کی ہار

دہلی اسمبلی انتخابات کی تصویر اب تقریباً صاف ہو چکی ہے اور بی جے پی نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کو کراری ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پارٹی اس قدر زوال کی شکار ہوئی کہ اس کے اہم لیڈران اروند کیجریوال نئی دہلی سے اور منیش سسودیا جنگ پورہ سے ہار گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ آتشی ضرور وقار برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں اور انہوں نے کالکاجی سے جیت درج کی ہے۔











No comments:

Post a Comment