پٹنہ، 07 جنوری 2025 وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج پرگتی یاترا کے دوران ضلع سیوان کو تقریباً 109 کروڑ روپے کی اسکیموں کا تحفہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے ریموٹ کے ذریعے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ جن میں 83 کروڑ 47 لاکھ 37 ہزار روپے کی لاگت سے 122 منصوبوں کا افتتاح اور 25 کروڑ 38 لاکھ 27 ہزار روپے کی لاگت سے 5 اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھنا شامل ہے۔ پرگتی یاترا کے دوران وزیر اعلیٰ نے پچروکھی بلاک کے گاؤں نارائن پور میں مجوزہ سیوان بائی پاس کی جگہ کا معائنہ کیا۔افسران نے وزیر اعلی کو نقشہ کے ذریعہ مجوزہ سیوان بائی پاس کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ مجوزہ روڈمحمد پور موڑ (این ایچ531) سے چھپیا-تیڑھی گھاٹ-گوپالپور (NH-227A) آر اوبی سمیت توسیع اور مضبوطی کا کام کیا جانا ہے۔ اس مجوزہ روڈ کی کل لمبائی 13.80 کلومیٹر ہے۔ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ اس مجوزہ راستے پر کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔ ایک بار جب یہ تعمیر ہو جائے گا، آمدورفت آسان ہو جائے گی. عوام کو ٹریفک جام کی پریشانی سے بھی نجات ملے گی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے سیوان ضلع کے حسین گنج بلاک میں واقع مچکنا پنچایت کے گاؤں کرہانو میں جل جیون ہریالی مہم کے تحت خوبصورت بنائے گئے تالاب کا معائنہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے تالاب میں مچھلی کا زیرہ چھوڑا۔ تالاب کے معائنہ کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس تالاب کے ارد گرد ایک سیڑھی گھاٹ تعمیر کیا جانا چاہئے۔ اس سے عوام کو سہولت ملے گی۔ تالاب کے ارد گرد درخت اچھی طرح سے لگائے گئے ہیں۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔ سال 2019 سے جل۔ جیون۔ ہریالی مہم شروع کرکے، ہم تمام عوامی تالابوں، کنوؤں وغیرہ کی خوبصورتی اور تزئین کا کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کرہنو گاؤں کے وارڈ نمبر 2 میں آنگن واڑی سنٹر کا معائنہ کیا اور بچوں کی تعلیم کے بارے میں جانکاری لی۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل پرائمری ہیلتھ سنٹر، کرہنو، حسین گنج کا بھی معائنہ کیا اور او پی ڈی روم، ٹیلی میڈیسن وغیرہ کا جائزہ لیا۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2006 سے ہم تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات تقسیم کر رہے ہیں۔ سال 2005 کے بعد صحت کے شعبے میں بہت کام کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو علاج میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیر اعلیٰ نے ریموٹ کے ذریعے ضلع سیوان کی کئی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق تختیوں کی نقاب کشائی کرکے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلی نے اپ گریڈ شدہ مڈل اسکول کرہنو کے احاطے میں منریگا کے تحت 8.74 لاکھ روپے کی لاگت سے بنائے گئے عوامی کھیل کے میدان کا ربن کاٹ کر اور نام کے تختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس سنٹر اور پنچایت سرکار بھون مچکنا کا معائنہ کیا اور سرپنچ کورٹ، لائبریری وغیرہ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے کرہنو بازار کے احاطہ میں 7.18 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی منریگا ہاٹ کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی اور افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جیویکا دیدیوں اور مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے جیویکا دیدیوں کو باسگیت پرچہ، ستت جیویکوپارجن اسکیم اور پروجیکٹ فنڈ کے تحت 51 کروڑ روپے کا علامتی چیک پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے ستت جیویکو پارجن اسکیم کے تحت ای رکشا کی چابیاں، 19 جیویکا دیدیوں کو 42 لاکھ 6 ہزار 736 روپے کا علامتی چیک، 29 ہزار 663 سیلف ہیلپ گروپوں سے وابستہ 3 لاکھ 51 ہزار 506 جیویکا دیدیوں کو بنک لنکج کے ذریعی 101کروڑ روپے کا علامتی چیک ، جیویکا بھون کی چابی، چیف منسٹر چور وکاس منصوبہ کا علامتی چیک، بلاک ٹرانسپورٹ اسکیم کی چابی، چیف منسٹر دیویانگجن امپاورمنٹ چھاترا یوجنا کے تحت بیٹری سے چلنے والی گاڑی کی چابی، بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ، آیوشمان ویا وندنا کارڈ مستفیدین کو فراہم کیے گئے۔
پرگتی یاترا کے دوران منعقد جیویکا دیدیوں کے ڈائیلاگ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نےشرکت کی۔ جیویکا دیدیوں نے چیف منسٹر کے ساتھ اپنا تجربہ بتاتے ہوئے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس نے ہماری زندگیوں میں بہت تبدیلی لائی ہے۔ سیلف ہیلپ گروپس میں شامل ہو کر ہم کئی طرح کے کام کر رہے ہیں۔ اس سے ہمیں اچھی آمدنی ہو رہی ہے۔ اس سے معاشرے میں خواتین کی عزت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ بینک لون کے علاوہ ہمیں کاروبار کرنے کے لیے پراجیکٹ سے مالی مدد بھی ملتی ہے۔ جیویکا نے ہماری زندگی بدل دی ہے۔ ہم تمام خواتین آپ کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ہم مرکز میں ممبر پارلیمنٹ اور وزیر تھے تو ہم کئی جگہوں پر جا کر سیلف ہیلپ گروپوں کے کاموں کودیکھتے تھے۔ 2005 میں جب ہماری حکومت بنی تو 2006 میں ہم نے ورلڈ بینک سے قرض لے کر سیلف ہیلپ گروپس کی تعداد میں اضافہ کرنا شروع کیا۔ اب سیلف ہیلپ گروپ کی تعداد بڑھ کر 10 لاکھ 61 ہزار ہو گئی ہے، جن سے 1 کروڑ 31 لاکھ خواتین وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہی سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ خواتین کو جیویکا کا نام دیا۔ اس سے متاثر ہو کر اس وقت کی مرکزی حکومت نے آجیوکا کے نام سے ایک اسکیم شروع کی۔ ہم جہاں بھی جاتے ہیں جیویکا دیدی سے بات کرتے ہیں اور ان کے مسائل سے آگاہ ہوتے ہیں ۔ پہلے عورتیں گھر سے باہر نہیں نکلتی تھیں۔ اب وہ سیلف ہیلپ گروپوں میں شامل ہو کر بہت اچھا کام کر رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں آمدنی بھی ہو رہی ہے۔ وہ لوگوں سے اچھی طریقہ سے بات بھی کرنے لگی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ریموٹ کے ذریعے ضلع سیوان کے تحت جیرادئی بلاک کے بھیساکھال میں 520 نشستوں والے سرکاری انتہائی پسماندہ طبقے کی لڑکیوں کے رہائشی پلس ٹو ہائی اسکول کی تعلیمی و انتظامی عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے نئی تعمیر شدہ عمارت کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے معلومات لیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس رہائشی ا سکول کے صحن میں پودا بھی لگایا۔
وزیر اعلیٰ نے مجوزہ سڑک سیوان اندر روڈ کو چوڑا اور مضبوط کرنے کے کام کی جگہ کا معائنہ کیا۔ اس راستے کی کل لمبائی 16.250 کلومیٹر ہے۔ نقشہ کے ذریعہ افسران نے وزیر اعلیٰ کو اس راستے کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ وزیر اعلیٰ نے سارن اور سیوان اضلاع کے تحت چھپرا (NH-31، بلیا موڑ) مانجھی-درولی-گٹھنی (NH-227A) سڑک کو چوڑا اور مضبوط بنانے کے کام کی جگہ کا معائنہ کیا۔ اس راستے کی کل لمبائی 72.183 کلومیٹر ہے جس کی کل لاگت 701 کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار روپے ہے۔
اس موقع پر آبی وسائل اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب منگل پانڈے، مویشی اور ماہی پروری کے وزیر اور سیوان ضلع کی انچارج محترمہ رینو دیوی، رکن اسمبلی شریمتی وجئے لکشمی دیوی کونسلر جناب وریندر نارائن یادو اور دیگر مقامی عوامی نمائندے، چیف سکریٹری مسٹر امرت لال مینا، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ونے کمار، چیف وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر پنکج کمار، وزیر اعلی کے او ایس ڈی مسٹرگوپال سنگھ، سارن ڈویژن کے کمشنر مسٹر گوپال مینا، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سیکورٹی مسٹر دیپک ورنوال، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سارن زون مسٹرنلیش کمار، ڈی ایم مسٹر مکل کمار گپتا، ایس پی مسٹرامیتیش کمار۔ اور دیگر معززین اور سینئر افسران موجود تھے۔
No comments:
Post a Comment