نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہلی میں 70 اسمبلی حلقوں میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ ووٹنگ 5 فروری 2025 بروز بدھ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 فروری 2025 کو ہوگی۔
پریس کانفرنس میں جاری تفصیلات کے مطابق، انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن 10 جنوری 2025 کو جاری ہوگا۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 جنوری مقرر کی گئی ہے، جبکہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 18 جنوری کو کی جائے گی۔ امیدواروں کو 20 جنوری تک نام واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔ انتخابی عمل 10 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو چکا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکیموں کے اعلانات اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
’ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ ممکن نہیں‘، الیکشن کمیشن کی وضاحت
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان باتوں میں کوئی دم نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتوں نے بھی مانا ہے کہ ای وی ایم کو ہیک نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، انتخابات کے دوران بار بار مشینوں پر شبہات ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔
راجیو کمار نے بتایا کہ انتخابات سے سات سے آٹھ دن پہلے ای وی ایم تیار کی جاتی ہیں، جنہیں سیاسی جماعتوں کے ایجنٹوں کی موجودگی میں سیل کیا جاتا ہے۔ ووٹنگ کے بعد بھی ای وی ایم کو مکمل شفافیت کے ساتھ سیل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ای وی ایم میں غیر قانونی ووٹ ڈالنے کا امکان نہیں ہوتا، اور پورا عمل شفافیت پر مبنی ہے۔
No comments:
Post a Comment