Tuesday, 18 March 2025

اسرائیل کا دوگنی طاقت کے ساتھ غزہ پر حملے جاری رکھنے کا اعلان

 



اسرائیلی فوج نے منگل کو ایک بیان میں اعلان کیا کہ وہ اور داخلی سلامتی کے ادارے ’شین بیت‘ غزہ کی پٹی میں حماس اور اسلامی جہاد کے اہداف کے خلاف حملے جاری رکھیں گے۔


انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ گھنٹوں میں جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں سیلز، لانچنگ پوائنٹس، جنگی سازوسامان اور دیگر فوجی ڈھانچے شامل ہیں جو ان کے دعوے کے مطابق، منصوبہ بندی اور عسکری سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے دونوں تحریکوں کے ذریعے استعمال کیے گئے تھے۔


انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اہداف اسرائیلی افواج اور شہریوں کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں دی گئی ہدایات میں تبدیلیاں کی ہیں۔


اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے بھی اعلان کیا کہ اسرائیل حماس کے خلاف فوجی طاقت میں اضافے کے ساتھ کارروائی کرے گا۔ دفتر نے کہا کہ فوج کو مکمل طاقت کے ساتھ مقررہ اہداف پر حملہ کرنے کی ہدایات ہیں۔


بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے غزہ میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وزیر دفاع اور سکیورٹی سربراہان کی موجودگی میں سکیورٹی مشاورت کے لیے اجلاس طلب کیاہے۔


اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے تباہ شدہ غزہ کی پٹی میں درجنوں اہداف پر بمباری کی ہے۔ بیان میں کہا کہ جب تک ضروری ہوا حملے جاری رہیں گے ۔


دریں اثناء العربیہ/الحدث کے نامہ نگار کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی جارحیت میں غزہ میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد 413 سے زائد ہوچکی ہے۔


حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے اور مستقل جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کے نتائج کو دھمکی دینے کا الزام عائد کیا۔


سعودی کابینہ نے غزہ پر اسرائیل کے دوبارہ حملے کی مذمت کر دی




سعودی کابینہ نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کے دوبارہ حملوں کی سخت مذمت اور انسانی بحران کے خاتمے کےلیے فوری بین الاقوامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔


سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے۔



اجلاس نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے انسانی مصائب کے خاتمے اور مظالم کو رکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔


اجلاس میں سعودی ولی عہد نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ہونے والے ٹیلی فونک رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔


کابینہ نے حالیہ عرب، علاقائی، اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا، اپنے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی و استحکام کو بڑھانے کی کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔




سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کابینہ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کا خیرمقدم کیا تاجکستان اور قازقستان کے درمیان سرحد کے تعین کے معاہدے کو بھی سراہا۔


کابینہ نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان کسٹمز امور میں تعاون کے ایک معاہدے کی بھی منظوری دی ہے۔


غزہ میں نئے سرے سے جاری کشیدگی کو فوری طور پر روکا جائے:یورپی یونین



غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد جن میں تقریباً 400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں یورپی یونین نے غزہ میں نئے سرے سے جاری کشیدگی کو ہولناک قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔


یورپی یونین کے کرائسز مینجمنٹ کی سربراہ حجا لحبیب نے منگل کو ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "غزہ میں نئے سرے سے بڑھتی ہوئی کشیدگی تباہ کن ہے۔شہری ناقابل تصور تکالیف کا سامنا کر رہے ہیں اور جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں‘‘۔


انہوں نے کہا کہ غزہ میں نئے سرے سے جاری کشیدگی تباہ کن ہے۔ شہریوں نے ناقابل تصور تکالیف برداشت کی ہیں۔ یہ سلسلہ اب رکنا چاہیے۔


انہوں نے مزید کہا کہ "بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کیا جانا چاہیے اور غزہ میں انسانی امداد کا بہاؤ شروع ہونا چاہیے۔ مزید جانی و مالی نقصان کو روکنے کے لیے فوری طور پر جنگ بندی پر واپس جانا ضروری ہے"۔


جتنی جلدی ممکن ہو کشیدگی روکی جائے

برطانوی حکومت نے بھی غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو "جلد از جلد" بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔


وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے ترجمان نے کہا کہ "ہم اس جنگ بندی کو جلد از جلد بحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کی تعداد "خوفناک" تھی۔ غزہ کی پٹی میں حماس کے زیرانتظام وزارت صحت نے بتایا کہ فضائی حملوں میں 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔


فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ منگل کے روز غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 400 سے زائد افراد مارے گئے، جس سے دو ماہ پرانی جنگ بندی مکمل طور پر ختم ہونے کے خطرے کی علامت ہے۔


دوسری جانب حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے اور مستقل جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کے نتائج کو دھمکی دینے کا الزام عائد کیا۔


اس کے جواب میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے فوج کو غزہ میں حماس کے خلاف "سخت کارروائی" کرنے کی ہدایت کی ہے۔یہ کارروائی حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کی تجاویز سے انکار کے بعد کی گئی ہے۔


دنیا غزہ پر اسرائیلی جنگی جارحیت رکوائے : محمود عباس




فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے عالمی براداری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ پر پھر سے مسلط کی گئی اسرائیلی جنگی جارحیت رکوائے۔ انہوں نے اس امر کا مطالبہ منگل کے روز کیا ہے جب ایک ہی دن میں اسرائیلی فوج نے اپنے نئے فوجی سربراہ کے زیر قیادت غزہ میں مختلف مقامات پر بد ترین بمباری کر کے 400 سے زائد فلسطینی کو قتل کر دیا ہے۔


غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ان قتل کیے گئے فلسطینیوں میں بچوں اور عورتوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔


فلسطینی اتھارٹی کے صدر کے ترجمان نبیل ابو روضینے نے غزہ پر نئے سرے سے شروع کی گئی جنگی جارحیت کی مذمت کی اور کہا ' بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ قابض اسرائیل کو یہ جارحیت روکنے پر مجبور کرے۔ جس نے غزہ میں ہر طرف بمباری کر کے ایک ہی دن میں سینکڑوں فلسطینی ہلاک کر دیے ہیں۔ '


دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے وزیر اعظم محمد مصطفیٰ نے کابینہ کے اجلاس کے بعد اسی طرح کا ایک بیان جاری کر کے اسرائیل کی نئے سرے سے شروع کی گئی جنگ کی مذمت کی ہے۔


No comments:

Post a Comment