Tuesday, 27 September 2022

شاہ سائیں برادری کو تمام پارٹیوں نے نظر انداز کیا : شاہ اسیر الدین

 





رہتاس ( نمائندہ ) ضلع رہتاس کے موضوع سریامیں جنا ب طارق انور کے دولت کدے پر آل انڈیا شاہ سائیں کمیٹی کے قومی صدر جناب اسیر الدین شاہ نے ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سائیں براداری جس نے ملک کو آزاد کرانے کیلئے اپنا پہلا خون دیا اس برادری کوسیاسی سطح پر نظر انداز کر دیا گیاہے ۔ 

انہوں نے کہاکہ اس برادری کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا ہے اور اس کے لئے نہ صرف بہار کی سیاسی پارٹیاں ذمہ دار ہیںبلکہ ملک بڑی سیاسی پارٹیوں نے بھی اس برادری پر کبھی توجہ نہیں دی جس کا نتیجہ ہیکہ آج سائیں برادری سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور اقتصادی طور پوری طرح پسماندہ رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ریاستی او رملکی سطح کی پارٹیوں نے ہمیںاسی طرح نظر انداز رکھا تو مجبوراً ہمیں بھی ایسی پارٹیوں کا ساتھ چھوڑنے کیلئے مجبور ہونا پڑے گا۔ ہم اس پارٹی کا ساتھ دیںگے جو ہمارے مسائل کا حل نکالے گا۔ 

انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کی کہ ریاست بہار میں کم وبیش 35 لاکھ شاہ سائیں برداری کی آبادی ہے جو کسی بھی حکومت کو اقتدار میں لانے یا کرسی سے اتارنے میں نمایاں رول ادا کرسکتی ہے لیکن کسی حکومت نے ان کے بارے میں کبھی نہیں سوچا ۔ نہ لالو پرساد یادو نے کوئی کام کیا نہ موجودہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اب تک ان کی ترقی یا فلاح کیلئے کام کیا۔ نہ ہمارا کوئی ایک ایم ایل ہے یا کوئی ایم پی ہے ۔ نہ ہی ہمیں سیاست میں کوئی جگہ دی جاتی ہے ۔ یہ بات ہمارے لئے بھی شرم کی بات ہے اور ہماری حکومت کیلئے بھی شرمندگی کا باعث ہوناچاہئے کہ آج بھی ہماری برادری کو بھیگ ماگنے والا کہہ کر پکاراجا تا ہے ۔ 

اسیر الدین شاہ نے کہاکہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ ہماری ریاست اور ہمارا ملک ترقی کرے ۔ دنیا میں ہماری ایک منفرد پہچان ہو لیکن سماج کے کسی طبقہ کو نظر انداز کر کے یا اسے دبا کچلا چھوڑ کر ترقی کے خواب نہیں دیکھے جاسکتے ہیں۔ 

آل انڈیا شاہ سائیں کمیٹی کے قومی صدر اسیر الدین شاہ نے بتایاکہ اس سلسلے میں آئندہ 11 اکتوبر 2022 کو پٹنہ کے رویندر بھون میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیاہے جس میں سائیں برادری کے تمام معاملات پر گفت وشنید ہوگی اورآئندہ کے لئے لائحہ عمل تیار کیاجائے گا۔ یہاں سے سائیں بیداری مہم کا بھی آغاز کیاجائے گا۔ 

واضح رہیکہ کانفرنس کے انعقاد سے پہلے اسیر الدین شاہ بہار کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے برادری کے لوگوں کو بیدار کرنے کی مہم بھی چلا رہے ہیں اسی مہم میں وہ سریا قصبہ پہنچے اور قصبہ کے سائیں برادری کے لوگوں کے ساتھ میٹنگ کی ۔ جناب طاق انور کے گھر پر ہوئی اس میٹنگ میں جن لوگوں نے شرکت کی اس میں جناب زاہد حسین ، معین الدین شاہ عرف کلو ، جناب اسلم اختر، جناب شفیع احمد سلیمانی ، جناب سجاد حسین عرف گورکھ اور جناب ظفر احمد کے نام قابل ذکر ہیں۔ 


No comments:

Post a Comment