پٹنہ (پریس ریلیز)
ڈاکٹر محمد شفاعت کریم، اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ طبی کالج و اسپتال، پٹنہ نے پریس ریلیز جاری کر تے ہوئے بتایا کہ آج مورخہ 27 مئی بروز منگل گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ سے پہلے ایم ڈی بیچ کو کامیابی حاصل ہو ئی۔ گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ ایک تاریخی کالج ہے جس کی سنگ بنیاد 1926 میں رکھی گئی تھی جس میں بی یو ایم ایس کی تعلیم دی جاتی رہی ہے۔ 2020 میں پہلی دفعہ ماہر طب (ایم ڈی یونانی) کورس کا آغاز ہوا۔ پہلے بیچ کو بےشمار دشواریوںکا سامنا کرنا پڑا، کالج کے اس ڈگری کا الحاق آریا بھٹ یونیورسٹی سے کرانے میں تاخیر ہوئی، رجسٹریشن کا عمل دیر سے ہوا، ڈیزرٹیشن کی تالیف میں وقت لگا جس کی وجہ سے امتحان میں دیری ہوئی اور با لاخر فائنل کا رزلٹ آج شائع ہوا۔ اس طرح سے ایم ڈی یونانی کا پہلا بیچ تقریبا چار سالوں کے طویل وقفے کے بعد سو فیصد رزلٹ کے ساتھ کامیاب ہوا جس کے لئے کالج ہذا کے پرنسپل جناب پروفیسر ڈاکٹر محمد محفوظ الرحمن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پرنسپل نے سبھی فارغین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں ایک کامیاب زندگی کے لئے دعائیں دیں۔
بتاتا چلوں کہ ڈیزرٹیشن کی تالیف سے لے کر امتحان کرانے اور رزلٹ کے شائع ہونے تک پرنسپل موصوف نے کافی جد و جہد کی اور ان کے اخلاص اور محنت کی بدولت ہی ماہر طب (ایم ڈی یونانی) کا پہلا بیچ کامیاب ہوا۔ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فارغین میں سے کچھ طلباء نے پرنسپل گلدستہ پیش کی اور مٹھائی کھلاکر مبارکباد پیش کی۔ کالج کے اساتذہ میں ڈاکٹر نجیب الرحمن، ڈاکٹر محمد تنویر عالم (کلیات)، ڈاکٹر شمیم اختر، ڈاکٹر محمد انس، ڈاکٹر جمال اختر، ڈاکٹر متانت کریم، ڈاکٹر طلعت ناہید، ڈاکٹر ملکہ بلند اختر، ڈاکٹر وجیہ الدین، ڈاکٹر جمال اختر، ڈاکٹر رضیہ شاہین، ڈاکٹر ایس ایم راشد، ڈاکٹر رضوان خان نے بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فارغین کو مبارکباد پیش کی۔






