Friday, 2 May 2025

ذات پات کی مردم شماری سے معاشرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملتی ہے: پرشانت

 


بھاگلپور، :جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے ذات کی مردم شماری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی، لیکن صرف مردم شماری کرانے سے صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی۔

 مسٹر کشور نے جمعرات کو مردم شماری میں ذات کو شامل کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جن سوراج طویل عرصے سے کہتا رہاہیکہ سماج کے بارے میں بہتر معلومات دینے والے کسی بھی سروے اور مردم شماری میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ صرف مردم شماری کرانے سے معاشرے کی حالت بہتر نہیں ہو سکتی۔

 جن سوراج کے بانی مسٹر کشور نے بہار میں کرائی گئی ذات کی مردم شماری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہار میں دلت برادری کے صرف تین فیصد بچے ہی 12ویں پاس کر پائے ہیں۔ لیکن مردم شماری کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے دو سال بعد بھی حکومت نے درج فہرست ذات، قبائل یا پسماندہ طبقات کے بچوں کی تعلیم کے لیے کوئی نئی اور ٹھوس اسکیم نافذ نہیں کی۔ ذات کی مردم شماری کے حق میں اور مخالف جماعتوں کے لیے یہ مردم شماری کے ذریعے معاشرے کی حالت میں تبدیلی لانے کی ٹھوس کوشش سے زیادہ سیاسی مسئلہ لگتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کی سوشلزم کی سمجھ پر حملہ کرتے ہوئے مسٹر کشور نے کہا کہ دس دن کوچنگ لینے اور اپنے مشیروں سے مشورہ کرنے کے بعد بھی تیجسوی بغیر دیکھے سوشلزم پر پانچ لائنیں بھی نہیں بول پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر تیجسوی کب سے سوشلزم کے رہنما بن گئے ہیں۔ اس ملک میں سوشلزم جئے پرکاش نارائن، رام منوہر لوہیا، جارج فرنانڈس کا ہے۔ تیجسوی یادو کو سوشلزم کی تعریف بھی نہیں معلوم۔

No comments:

Post a Comment