پٹنہ : ڈاکٹر محمد شفاعت کریم، اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ طبی کالج و اسپتال پٹنہ نے آج مورخہ 07 ستمبر بروز اتوارایک پریس اعلانیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کالج میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں طبی کالج کے اسپتال کے احاطہ میں او پی ڈی میں پہنچنے والے مریضوں کے درمیان عمومی صحت بیداری مہم چلائی گئی۔اس کے ذریعہ لوگوں کو ایک صحت مند طرز زندگی، امراض سے تحفظ کے تدابیر اور ایک صحت مند سماج کی تعمیر کے تعلق سے جانکاری فراہم کی گئی، پرچے بانٹے گئے اور پوسٹر کے ذریعہ سمجھایا گیا۔ یہ پروگرام ایک ستمبر سے 07 ستمبر تک چلنا تھا البتہ 07 ستمبر کو اتوار ہونے کی وجہ سے اس صحت بیدار مہم کا اختتام 06 ستمبر بروز سنیچر ہی کر دیا گیا۔
بتاتا چلوں کہ اس صحت بیداری ہفتہ کا انعقاد گورنمنٹ طبی کالج و اسپتال پٹنہ کے صد سالہ جشن کے ضمن میں کیا گیا تھا۔ اس مہم کے چیرمین ڈاکٹر محمد نجیب الرحمن تھے جب کہ پورے پروگرام کی سرپرستی کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) محمد محفوظ الرحمن کر رہے تھے۔ اس پوری مہم میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا جس میں 01 ستمبر کو شعبہ معالجات کے پی جی اسکالر ڈاکٹر راحت پروین اور نہال اشرف نے ٹیکہ کاری (ویکسینیشن ) کے بارے میں لوگوں بیدار کیا۔ 02 ستمبر کو ڈاکٹر زاہد اور ڈاکٹر مظفر سلیمان نے ذیابیطس شکری اور اس سے تحفظ کے اپائے سے لوگوں کو آگاہ کیا۔ 03 ستمبر کو ڈاکٹر ہلال انور اور ڈاکٹر شاہد امام نے ضغط الدم قوی (ہائپرٹنشن) سے عوام کو روبرو کرایا۔ اسی طرح سے 04 ستمبر کو ڈاکٹر مظفر سلیمان اور ڈاکٹر نہال اشرف نے سمن مفرط (موٹاپا) اور اس کے انجام سے عوام کو بیدار کیا۔ آخر دن بروز سنیچر فقر الدم (انیمیا) اور اس کے علامت سے اس کی فوری پہچان کرنے اور اور اس کے بچائو سےلوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے ڈاکٹر کے ایم سوچیتا اور داکٹر نہال اشرف نے اپنے تاثرات پیش کئے۔
گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ کے صد سالہ جشن میں ہر ماہ مختلف اقسام کے پروگرام منعقد کئے جانے ہیں جس کا مقصد عوام تک یونانی طریقہ علاج کو پہنچانا، یونانی ڈاکٹروں کو اس طریقہ علاج میں باکمال بنانا ، اور طلباء کو بھی اپنی پیتھی میں اعتماد کے ساتھ علاج و معاالجہ کرنے کی تلقین دلانا شامل ہے۔اسی صد سالہ جشن کے تحت اس ماہ مزید تین پروگرام ہونے ہیں جس میں گرین انیشیٹیو کے طور پر پیڑ پودھے لگائیں جائیں گے اور صاف صفائی کا اہتمام کیا جائےگا۔ 21 ستمبر کو ورلڈ الزائیمر ڈے منایا جانا ہے اور اسی ماہ کالج ہذا کے فارغین کے ساتھ آن لائن میٹینگ کا اہتمام کیا جانا ہے جس سے کہ 2026 میں صد سالہ میں ان کا کیا رول ہوگا اس پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
No comments:
Post a Comment