Friday, 6 August 2021

 

جے ڈی یو قومی صدر للن سنگھ کا پٹنہ میں پرتپاک خیرمقدم



پٹنہ 06 اگست

جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر کے عہدہ کی ذمہ دار
ی سنبھالنے کے بعد بہار کے مونگیر سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کے آج پہلی مرتبہ پٹنہ پہنچنے پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا ۔

مسٹر سنگھ کے یہاں پٹنہ کے جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پہنچنے پر جمعہ کو بڑی تعداد میں کئی گھنٹے سے انتظار کر رہے کارکنان اور حامیوں نے فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ اس کے بعد پرجوش حامیوں نے پھول ۔ مالاﺅں سے انہیں لاد دیا۔ نتیش کمار اور للن سنگھ زندہ باد کے نعروں کے دوران ان کا قافلہ بڑی جدوجہد کے بعد نکل سکا ۔ حامی ہاتھی ، گھوڑے اور اونٹ کے ساتھ ان کے خیر مقدم کیلئے انتظار کرتے نظر آئے ۔
مسٹر سنگھ کھلی گاڑی میں کارکنان اور حامیوں کا ہاتھ ہلاتے ہوئے پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کی جانب روانہ ہوگئے ۔ ان کا قافلہ مقررہ شاہراہ ایئر پورٹ سے شیخ پورہ موڑ ہوتے ہوئے بیلی روڈ کے ہڑتالی موڑ سے آگے بڑھا۔ ان شاہراہوں پر قبل سے انتظار کر رہے کارکنان نے قافلے کو روک کر انہیں مالا پہنایا ۔ اس کے بعد دھیرے ۔ دھیرے ان کا قافلہ پارٹی دفتر پہنچا ۔ جہان ان کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
واضح رہے مسٹر سنگھ کو مسٹر آر سی پی سنگھ کے مرکز میں وزیر کے عہدہ کی ذمہ داری ملنے کے بعد پارٹی کے قومی صدر کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔

 

 

 

قابل اعتراض پوسٹ کرنے کے معاملے میں نوجوان گرفتار



بکسر ،06 اگست

بہار میں بکسر ضلع کی پولیس نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ کرنے کے معاملے میں ایک نوجوان کو گرفتار کیاہے ۔
ایٹاڑھی تھانہ صدر راجیش کمار مالاکار نے جمعہ کو یہاں بتایاکہ بسودھر گاﺅں باشندہ مکیش کمار گوڑ نے سوشل میڈیا پر ایک قابل اعتراض پوسٹ کیا تھا ۔ مکیش کو پوسٹ ہٹانے کیلئے کہا گیا لیکن اس کے باوجود نوجوان نے اسے نہیں ہٹایا۔ انہوں نے بتایاکہ معاملے میں سنیئر افسران کی ہدایت پر نوجوان کے خلاف ایٹاڑھی تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ۔
مسٹر مالاکار نے بتایاکہ معاملہ درج ہونے کے بعد نوجوان کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔

 

 

حکومت بہار جلد لیکر آئے گی

ٹیکسٹائل اور لیدر پالیسی :شاہنواز حسین




پٹنہ 06اگست

بہار کے وزیر صنعت شاہنواز حسین نے آج کہاکہ حکومت جلد ہی نئی ٹیکسٹائل اور لیدر پالیسی لیکر آئے گی ۔
مسٹر حسین نے جمعہ کو یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ریاستی دفتر میں منعقدہ تعاون پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ ریاست کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت بہار کی ترقی کیلئے پوری طرح سے متحد ہے ۔ ریاست کو ترقی یافتہ بنا کر دکھائیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی ریاستوں سے بڑی۔ بڑی کمپنیاں ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں ۔ صنعت کے تئیں اچھا ماحول بناہے ۔ حکومت سب کا ساتھ سب کا ویکاس کی فکر کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔
صنعت کے وزیر نے تلنگانہ صنعتی ادارہ کے ذریعہ مدعو کئے جانے پر تلنگانہ واقع صنعتی ادارہ سے منسلک کمپنی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک مرتبہ تو آئیے بہا رمیں ‘ صنعتی ماحول بنا ہے ۔ نئی ٹیکسٹائل اور لیدر پالیسی لانے کی تیاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت سنگ بنیاد نہیں بلکہ افتتاح کرنے میں یقین رکھتی ہے ۔
مسٹر حسین نے کہاکہ مکا، ٹوٹا چاول ملاکر ایتھنول بنایاجائے گا۔ سات دن کے کام دن میں صنعت کیلئے تجویز کو منظوری دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بارہ بنکی سے آئے ایس آر کمپنی نے ریاست کے اپنے تین دن کے دورے کے بعد انہیں بتایاکہ بہار میں سوشاسن کا راج ہے ۔ بارہ بنکی کی پپسی کمپنی بیگو سرائے میں صنعت لگانے کیلئے تیار ہے ۔ اسی طرح کوکا کولا کمپنی زمین مانگ رہی ہے ، جسے موتی پور ، سپول کے علاقے کیلئے لیٹر بنا کر دیا گیا ہے ۔
وزیر صنعت نے کہاکہ بارہ بنکی کی دو کمپنی آرگینک انڈیا تلسی کی کھیتی کسانوں سے کرواتی ہے ، جسے کسانوں کو فائدہ مل رہاہے ۔ کورونا مدت میں اس کی بڑی اہمیت رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں ایتھنول کے لئے 30 ہزار کروڑ روپے کی تجویز آئی ہے ۔ مرکزی حکومت سے اس سے متعلق بات چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام شعبوں میں روزگار کی تخلیق کی جا رہی ہے ۔

 

 


سہرسہ-پاٹلی پتر ایکسپریس

 10 اگست سے چلے گی

 

حاجی پور، 6 اگست

 مشرقی وسطی ریلوے (ای سی آر) نے کورونا وائرس کا اثر کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر بہار میں سہرسہ اورپاٹلی پتر اسٹیشن کے درمیان چلنے والی اسپیشل ایکسپریس ٹرین کا آپریشن 10 اگست سے شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ای سی آر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر راجیش کمار نے جمعہ کو بتایا کہ ٹرین نمبر 03205 سہرسہ-پاٹلی پتر ایکسپریس 10 اگست 2021 سے اگلے حکم تک سہرسہ سے روزانہ 23.30 بجے روانہ ہوگی اورسمری بختیا پور، مانسی، کھگڑیا، بیگوسرائے، برونی، حاجی پور کے راستے اگلے روز 04.25 بجے پاٹلی پتر پہنچیے گی۔ اسی طرح  ٹرین نمبر 03206 پاٹلی پتر- سہرسہ اسپیشل ایکسپریس 11 اگست سے اگلے حکم تک پاٹلی پتر سے روزانہ صبح 09.10 بجے روانہ ہوگی اور انہیں اسٹیشنوں پر رکتی ہوئی  15.00 بجے سہرسہ پہنچے گی۔مسٹر کمار نے کہا کہ اس ٹرین میں  2 ایس کے پانچ، سلیپر کے چھ، اے سی-3 کے دو کوچزسمیت کل 15 کوچ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹرین میں سفر کے لیے پیشگی ریزرویشن کرنا اور سفر کے دوران کووڈ -19 کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔یواین آئی۔الف الف

 

 

آسمانی بجلی سے پانچ لوگوں کی موت

  پانچ خواتین زخمی



گڈا،06 اگست

 جھارکھنڈ میں گڈا ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ میں جمعہ کو آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ دیگر جھلس گئے ۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایاکہ ضلع میں آج دو پہر شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے مفصل تھانہ علاقہ کے پراسی ، بھدرائے اور کیروار گاﺅں میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ دیگر جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین میں پراسی گاﺅں کے راج کشور پاٹھک ، بھارتی دیوی ، گوری دیوی اور بھدرائے گاﺅں کی کچن دیوی اور قصبہ گاﺅں کے نول کشور یادو شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایاکہ واقعہ کے وقت سبھی کھیت میں کام کر رہے تھے تبھی آسمانی بجلی کی زد میں آگئے ۔
حادثے میں پانچ خواتین زخمی ہوگئیں جنہیں صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے گڈا بھیج دی گئی ہیں۔

 

 

حکومت نریندرمودی اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم کانام بھی تبدیل کرے: کانگریس

 

 

نئی دہلی، 6 اگست (پ ا ن)

کانگریس نے راجیوگاندھی کھیل رتن ایوارڈ کانام تبدیل کرکے میجردھیان چند کے نام پررکھنے کے فیصلے کاخیرمقدم کیا لیکن کہا کہ اب حکومت کونریندرمودی اسٹیڈیم اورارون جیٹلی اسٹیڈیم کانام بھی تبدیل کردیناچاہیے۔کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت نے راجیو گاندھی کھیل رتن کا نام تبدیل کیاہی ہے تواسے اب پہلے نریندرمودی اسٹیڈیم اورارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بھی تبدیل کردیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ میجردھیان چند کوہاکی کاجادوگرکہا جاتا ہے اورانہیں یہ نام ملک ہی نہیں بلکہ دنیا نے دیا۔ میجردھیان چند کاپوری دنیا میں احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس شخصیٹ کانام اپنے چھوٹے سیاسی مقصد کوحاصل کرنے کے لئے کیا ہے اوراس معمولی مقصد کے لئے ان کے نام کا استعمال کرنااچھا نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ ان کی پارٹی میجردھیان چندکے نام پر ایوراڈکانام رکھنے کاخیرمقدم کرتی ہے اورمطالبہ کرتی ہے کہ اب بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈران کے نام پر رکھے گئے اسٹیڈیموں کا نام بھی تبدیل کرناچاہیے۔

 

 

 

کسانوں کے معاملے پربحث نہیں، زرعی قانون ختم کرے حکومت:راہل



نئی دہلی،

 6 اگست(پ ا ن) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان

 کی پارٹی اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں کسانوں کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں چاہتیں بلکہ حکومت سے کسان مخالف زرعی تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کامطالبہ کر رہی ہیں۔


مسٹر گاندھی جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ یہاں جنتر منتر پر منعقد 'کسان سنسد' میں حصہ لینے کے بعد صحافیوں کے سوال پرکہا کہ اپوزیشن کواب کسانوں کے مسئلے پر بحث نہیں چاہیے۔ بحث سے اب کام نہیں چلے گا اس لیے حکومت کو زراعت سے متعلق تینوں قوانین کو منسوخ کرنا چاہیے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بحث کا وقت گزر چکا ہے۔ زرعی قانون کسانوں کے مفاد میں نہیں ہے اس لیے حکومت کومظاہرین کسانوں کی بات مانتے ہوئے تینوں قوانین کو فوری طور ختم کرنے کا اعلان کرنا چاہیے۔ مسٹر گاندھی سے جب پوچھاگیا کہ حکومت نے کسانوں کے مسئلے پر بحث کرنے کے لئے تیار ہونے کی بات کی ہے تومسٹرگاندھی نے کہا، ’’نہیں، نہیں! بحث سے کوئی کام نہیں چلے گا۔ یہ کالے قانون ہیں۔ ان کو منسوخ کرناپڑے گا۔‘‘


انہوں نے کہا، "آج اپوزیشن جماعتوں نے مل کر کسانوں کے مسئلے اور ان کالے قوانین کو ہٹانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت دی ہے۔پارلیمنٹ میں آپ جانتے ہیں کیا ہورہا ہے۔ پارلیمنٹ میں ہم پیگاسس کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں، وہاں پر وہ پیگاسس کی بات نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ نریندر مودی جی ہر ہندوستانی کے فون میں داخل ہوگئے ہیں۔ یہاں پرہم ہندوستان کے تمام کسانوں کو اپنا مکمل تعاون دینے آئے ہیں۔


کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی زراعت کے قانون کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، "کسان ہمارے ملک کی روح ہیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ انہیں کی وجہ سے پارلیمنٹ میں ہیں۔ پارلیمنٹ سے سڑک تک کسانوں کی آوازاٹھانا ہم سب کا فرض ہے۔ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں۔ سیاہ قانون منسوخ کرو۔‘‘
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ پورا اپوزیشن کسانوں کے مطالبات پر متحد ہے۔ انہوں نے کہا، "آج مسٹر راہل گاندھی سمیت 14 سیاسی جماعتوں کے رہنما جنتر منتر پر کسان سنسد میں شامل ہوئے۔ کسانوں کی لڑائی کواپناتعاون دیا اور کسانوں کی لڑائی کی حمایت کرنے کے اپنے فیصلہ کن عزم کا اعادہ کیا۔ کسانوں نے بھی مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد  منظور کی۔

 

 

 

لداخ کے زانسکار میں گلیشیئر پیچھے کھسک رہے ہیں: تحقیق



نئی دہلی، 6 اگست 

(پ ا ن) درجہ حرارت میں اضافے اور موسم سرماں میں کم برفباری ہونے کی وجہ سے لداخ کے زانسکار میں واقع  پینسلنگپا گلیشیر (پی جی) پیچھے کھسک رہا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گلیشیر درجہ حرارت میں اضافہ اور سردیوں میں کم برف باری ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ واڈیا انسٹی ٹیوٹ آف ہمالیئن جیولوجی (WIHG)، دہرادون، 2015 سے گلیشیئروں کا مطالعہ کر رہی ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ  حکومت ہند کے محکمہ سائنس وٹیکنالوجی کے ماتحت ہے۔ اس کے تحت، گلیشیروں میں برف جمع ہونے کی صورتحال، برف پگھلنے کی حالت، ماضی کے موسمی حالات، مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کی کیفیت اور اس خطے کے گلیشیئروں پر پڑنے والے اثرات کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ہمالیہ کے علاقوں جیسے زانسکار کا  مطالعہ کیا جس کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں۔
گلیشیئروں میں برف جمع ہونے کی کیا صورتحال ہے اور اس پر کتنی برف ہے، اس کا موقع پر معائنہ کیا گیا۔ اس کے لیے بانس سے بنا ہوا ایک پیمانہ گلیشیر کی سطح پر نصب کیا جاتا ہے۔ یہ کھود کرکے  اندر گاڑا جاتا ہے۔ اسی سے برف کی حالت کی پیمائش کی جاتی ہے۔ اسی طرح کا پیمانہ 2016 سے گلیشیر کی سطح پر موجود تھا۔

پنسلنگپا گلیشیر پر جمی ہوئی برف پر ماضی اور حال کے زمانے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا اندازہ  لگایا گیا۔ چار سالوں کے دوران میدانی مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ وادی زانسکار میں یہ گلیشیر اوسطا  6.7  پلس مائنس 3 ایم اے -1 کی شرح سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ یہ مطالعہ  میگزين 'ریجنل اینوائرنمنٹ چینج' میں شائع ہوا ہے۔ سائنسدانوں کی ٹیم نے گلیشیر کے پیچھے کھسکنےکا سبب درجہ حرارت میں اضافے اور سردیوں میں کم برف باری بتایا ہے۔

مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برف کی چادر کے اوپر ملبہ بھی جمع  ہے جس کے   مضر اثرات بھی ہو رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے گرمیوں میں گلیشیر کا ایک سرا کھسک جاتا ہے۔ مزید یہ کہ پچھلے تین سالوں (2016-2019) کے دوران برف جمع ہونے میں منفی رجحان رہا ہے اور برف کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ جمع ہوا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہوا کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے برف کے پگھلنے میں تیزی آئے گی۔
واضح رہے کہ پوری دنیا میں ہوا کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ امکان ہے کہ گرمیوں کے دورانیہ میں اضافے کی وجہ سے اونچی جگہوں پر برف باری کے بجائے بارش شروع ہو جائے، جس کی وجہ سے سردی-گرمی کے موسم کا مزاج بھی بدل جائے گا

 

 

 

 

ممتاز کھیل رتن ایوارڈ کانام تبدیل کرکے 'میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ' کیاگیا



نئی دہلی، 06 اگست

(پ ا ن)ممتاز   کھیل رتن ایوارڈ کانام تبدیل کرکے اب 'میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ'  کردیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ معروف  ایوارڈ سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے نام پر راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کو فخر کرنے کا موقع فراہم کرنے والے لمحات کے درمیان کئی ہم وطنوں کی یہ بھی درخواست آئی ہے کہ کھیل رتن ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند جی کے نام سے  وقف کیا جائے۔ لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اس کا نام بدل کر میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ رکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میجر دھیان چند، ہندوستان کے صف اول کے کھلاڑیوں میں شامل تھے جو ہندوستان کے لیے اعزاز اور فخر کا باعث بنے۔ یہ ہر لحاظ سے مناسب ہوگا کہ ہمارے ملک  کا سب سے بڑا کھیل اعزاز ان کے نام سے موسوم کیا جائے۔
اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی سے ہم سب انتہائی مسرور ہیں۔خاص طور سے ہاکی میں  ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں نے جس طرح کی قوت ارادی کا مظاہرہ کیا ہے، جیت کے تئیں جس طرح کی وارفتگی اورجوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے، وہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیےبہت زیادہ حوصلہ افزاہے۔

 

Sunday, 23 August 2020

ا ردو قلمکاروں کو مالی امداد، کرناٹک اردو اکادمی کا مستحسن قدم

 

 

 

 

 

 

اردو قلمکاروں کو مالی امداد، کرناٹک اردو اکادمی کا مستحسن قدم

گلبرگہ 23اگست(پ ۔ ا۔ ن ) ڈاکٹر ماجد داغی معتمد انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ نے بتایا کہ کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے کرناٹک کے شعرائ، ادباء،صحافی، آرٹسٹ، ڈرامہ فنکار، قوالی وغزل سنگرس کو کووڈ 19 مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔کرناٹک اردو اکامی کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کرناٹک کے قلمکار اور فنکاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس اسکیم سے استفادہ کریں۔ درخواست فارم میں جوشرائط دی گئی ہیں ان کی تکمیل کرتے ہوئے 31 اگست تک درخواست فارم دفتر اکادمی پہنچ جانا چاہیئے۔ مزید تفصیلات اور درخواست فارم کرناٹک اردو اکادمی کے ویبسائٹ www.karnatakurduacademy.orgسے حاصل کئے جاسکتے ہیں یا درخواست فارم دفتر انجمن ترقی اردو ہند روبرو کے بی ین اسپتال اسٹیشن روڈ گلبرگہ سے بھی دوپہر ایک تا پانچ بجے کے دوران حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 
 
ڈاکٹر ماجد داغی نے محترمہ عائشہ فردوس رجسٹرار کرناٹک اردو اکیڈمی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرناٹک اردواکیڈمی کے اعلان کی تفصیلات میں اردو میڈیم سے میٹرک میں نمایاں نشانات حاصل کرنے والے اور پی یو کے طلبہ جنہوں نے مضمون اردو اختیار کیا رقمی انعامات کے اعلان کے ساتھ ساتھ ایم اے اردو کے زیرِ تعلیم طلبہ کو 25 ہزار اسکالرشپ کا اعلان بھی کیا ہے جو نہ صرف طالب علموں کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ اردو زبان کے فروغ کے لئے بھی ایک موثر ترغیب ہے۔انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کرناٹک اردواکیڈمی بنگلور کے ان قابلِ قدر اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے محترمہ عائشہ فردوس کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہے۔ڈاکٹر ماجد داغی نے کہا کہ محترمہ عائشہ فردوس کے مستحسن اعلانات کے بعد ریاست کے اردو داں طبقہ سے ان کی کی گئی ہمدردانہ اپیل بھی اردو زبان کے فروغ اور استحکام کے لئے لائقِ تحسین اور قابلِ تقلید گزارش ہے کہ جس میں وہ اہلِ اردو کو اپنے بچوں کو اردو اسکولوں میں داخل کروانے کی درخواست کی ہے۔اور ساتھ ہی ساتھ انگریزی یا کنڑا میڈیم اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ سے اردو مضمون اختیار کرنے کی بھی پر زور اپیل کی ہے کہ مضمون اختیاری تھرڈ لنگویج کی حیثیت سے اردو کا انتخاب کیا جاسکتا ہے اور کالجوں میں اردو مضمون موجود نہ ہو تو اس کیلئے والدین اور مقامی اردو تنظیمیں کالج کی انتظامیہ سے رجوع ہوکر اردو مضمون رائج کرنے کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ اس طرح انہوں نے اردو تعلیم کو فروغ دینے کی ہر سطح پرکوشش کا آغاز کرنے کی شاندار پہل کی ہے اور اس خصوص میں اردو تنظیموں کو بھی متوجہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی اہمیت اور ضرورت سے متعلق والدین کو بھی آگاہ کریں اور اس طرح سماج میں اردو تہذیب، اردو زبان و ادب کے سلسلے میں بیداری پیدا کریں۔انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ،کرناٹک اردو اکاڈمی کی ان کوششوں کی ستائش کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

 

Sunday, 2 August 2020


گوپال گنج میں تالاب میں ڈوب کر نوجوان کی موت
 
گوپال گنج 02 اگست ( پ ان ) بہار میں گوپال گنج ضلع کے کٹیا تھانہ علاقہ میں اتوار کو تالاب میں ڈوب کر ایک نوجوان کی موت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ کرمینی گاﺅں باشندہ ویکا س پرجاپتی (14) گھاس کاٹنے کے لئے چور میںگیا تھا ۔ جہاں پیر پھسل جانے سے وہ تالاب میں گر گیا ۔ گاﺅں والوںنے نوجوان کو تالاب سے باہر نکالا اور اسے کٹیا ریفرل اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گوپال گنج صدر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے ۔


Tuesday, 21 July 2020

مدھیہ پردیش کے گورنر لالجی ٹنڈن کے انتقال پر صدر ، نائب صدر ، وزیراعظم ، وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ، سمیت متعدد رہنماﺅں نے تعزیت کا ظہار کیا


مدھیہ پردیش کے گورنر لالجی ٹنڈن کے انتقال پر صدر ، نائب صدر ، وزیراعظم ، وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ، سمیت متعدد رہنماﺅں نے تعزیت کا ظہار کیا

    نئی دہلی پٹنہ صدر رام ناتھ کووند نے منگل کو مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ٹوئٹر کے توسط سے اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر کووند نے کہا”ہم نے ایک عظیم شخصیت کھو دی ہے جو مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کے انتقال کے ساتھ لکھنو ¿ کی ثقافت اور قومی لگاو ¿ کا ایک حیرت انگیز اتصال تھے“۔صدر نے کہا ”میں ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتاہوں۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے میری گہری تعزیت ہے“۔

  مدھیہ پردیش کے گورنر لالجی ٹنڈن کے انتقال پر صدر ، نائب صدر ، وزیراعظم ، وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ، سمیت متعدد رہنماﺅں نے تعزیت کا ظہار کیا

    نائب صدر جمہوریہ ایم وینکئیا نائیڈو نے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین سیاست اور روایات کا علم بردار بتایا ہے۔مسٹر نائیڈو نے منگل کو یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ مسٹر ٹنڈن نے اپنی عوامی زندگی میں کئی عہدوں پر کام کیا،وہ روایات کے علم بردار تھے۔انہوں نے کہا،”مدھیہ پردیش کے گورنر مسٹر لال جی ٹنڈن کے انتقال کی خبر پر دکھی ہوں۔سینئر رہنما،سماجی کارکن اور لکھنو ¿ علاقے کی لوک روایتوں اور تاریخ میں خاص دلچسپی رکھنے والے ٹنڈن جی لمبے وقت تک اترپردیش مقننہ کے رکن رہے اور اترپردیش حکومت میں بھی متعدد فرائض کو انجام دیا۔“مسٹر نائیڈو نے کہا،”ٹنڈن جی اچھے سیاسی کی مہذب رایتوں کے علم بردار تھے۔



    وزیرا عظم نریندر مودی نے بھی اپنے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا'آنجہانی ٹنڈن کو آئینی معاملات میں کافی مہارت حاصل تھی۔انہوں نے اٹل جی کے ساتھ ایک لمبا عرصہ گذارا تھا۔ اس تکلیف کی گھڑی میں آنجہانی کے اہل خانہ اور ان کے خیرخواہوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں'۔


    مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی موت کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اورملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔مسٹر ٹنڈن کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے شاہ نے ٹوئٹ کیا ”بی جے پی کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے گورنرلال جی ٹنڈن کے انتقال سے مجھے شدید دکھ ہوا ہے۔ ٹنڈن کی پوری زندگی اترپردیش میں عوامی خدمت کے لئے وقف تھی۔ تنظیم کی توسیع میں انہوں نے بہت اہم کردار ادا کیا“۔انہوں نے کہا” بطورسماجی خدمتگارلال جی ٹنڈن جی نے ہندوستانی سیاست پر گہری چھاپ چھوڑی۔ ان کی موت ملک اور بی جے پی کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں ایشورسے آنجہانی کی آتماکی شانتی کیلئے دعا گو ہوں۔


    بہار کے گورنر پھاگو چوہان نے مدھیہ پردیش کے گورنر لالجی ٹنڈن کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ مسٹر ٹنڈن نے بہا ر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی کوشش کو رفتار عطا کی ۔مسٹر چوہان نے منگل کو یہاں اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ بہار کے گورنر رہ چکے مسٹر ٹنڈ ن ایک مشہور لیڈر ، ماہر ایڈمنسٹریٹر اور عظیم اسکالراور مصنف تھے ۔ ان کے انتقال سے ہندوستانی سیاست ۔ سماجی زندگی کو ناقابل تلافی نقصان ہواہے ۔ مسٹر ٹنڈن نے بہار میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ۔ کوششوں کو خصوصی رفتار عطا کی ۔ اتر پردیش میں بھی لکھنﺅ کے رکن پارلیمنٹ اور ریاست کے مختلف محکموں کے وزیر کے عہدے پر رہتے ہوئے ان کی خدمات فراموش ہیں۔گورنر نے آنجہانی کے روح کی تسکین اور ان کے کنبہ کے اراکین اور ان کے مداحوں کو صبر کی قوت عطا کرنے کی دعا کی ۔


     وزیر اعلی نتیش کمار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ آنجہانی لال جی ٹنڈن ایک مقبول رہنما ، تجربہ کار ایڈمنسٹریٹر اور نامور ماہر تعلیم تھے۔ بہار کے گورنر کی حیثیت سے ان کی مدت کار ناقابل فراموش ہوگی۔ انہوں نے بہار میں اعلی تعلیم کی ترقی کو رفتاردی ۔ اترپردیش میں بھی انہوں نے لکھنو ¿ کے رکن پارلیمنٹ اور ریاست کے مختلف محکموں کے وزیر کے عہدے پر فائز ہوتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو مو ¿ثر طریقے سے نبھایا۔آنجہانی لال جی ٹنڈن سے میرے ذاتی تعلقات تھے اور ان کے انتقال کی خبر سن کر مجھے بہت صدمہ پہنچاہے۔
     بہار کے نائب وزیراعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے سنیئر لیڈر سشیل کمار مودی نے ریاست کے گورنر لالجی ٹنڈن کے انتقال پر منگل کو گہری تعزیت کا اظہار کیا ۔مسٹر مودی نے یہاں اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مسٹر ٹنڈن کے انتقال سے بی جے پی کے ساتھ ۔ ساتھ ہندوستانی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان ہواہے ۔ وہ تاعمر پارٹی کے نظریات سے منسلک رہے اور انہوں نے تنظیم کو مضبوط کرنے میں ہمیشہ فعال کر دار ادا کیا ۔ نائب وزیراعلیٰ نے آنجہانی کے روح کی تسکین اورا ن کے حامیوں ، بہی خواہوں اور اہل خانہ کو صبر کی قوت عطا کرنے کی دعا کی ہے ۔ 



جھارکھنڈکے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے مدھیہ پردیش کے گورنر لالجی ٹنڈن کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر سورین نے منگل کو یہاں کہاکہ بہار کے سابق گورنر مسٹر ٹنڈن حساس طبیعت کے مالک تھے ۔ تجربہ کار ایڈمنسٹریٹر کے طور پر انہوں نے اپنی خاص شناخت بنائی تھی۔ ان کے انتقال سے ناقابل تلافی نقصان ہواہے ۔ انہوں نے آنجہانی کے روح کی تسکین اور اہل خانہ ولواحقین کو غم کے ان ایام میں صبر کی قوت عطا کرنے کی دعا کی ہے ۔ 



    مرکزی وزیر تجاروت و صنعت پیوش گوئل نے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی موت پر اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ مسٹر لال جی ٹنڈن کو تیز طرار رہنما کے طور پر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا،’ مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی موت کی خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ انھیں ایک تیز طرار عوامی رہنما کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بی جے پی کی تنظیمی توسیع میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ مالک انھیں اپنے قدموں میں جگہ دے‘۔ 


    راجستھان کے گورنر کلراج مشر نے کہا ہے کہ،”محترم لال جی ٹنڈن کا انتقال میرے لئے ذاتی نقصان ہے۔اپنی تکلیف کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر پارہا ہوں۔ہم نے ایک خاندان کی طرح بہت وقت تک ساتھ کام کیا اور دکھ سکھ کے ساتھی رہے۔مسٹر مشر نے کہا ہے کہ اپنے سیاسی زندگی میں انہوں نے ہمیشہ پوری ایمانداری اور سپردگی سے کام کیا۔وہ ہر ایک کارکن کے لئے متاثر کن شخصیت تھے۔ ادھر گورنر مسٹر مشر کی جانب سے لکھنﺅ کے ضلع کلیکٹر کے ذریعہ مرحوم ٹنڈن کی میت پر پھولوں کی مالا پیش کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کی گئی۔



    لکھنو ¿ پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمان و وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کو مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے لکھنو ¿ پہنچے۔مسٹر سنگھ نے یہاں دوپہر میں پہنچ کر آنجہانی کے جسد خاکی پر گلپوشی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ لال جی ٹنڈن کے ہمارے درمیان سے ہمیشہ کے لئے رخصت ہونا ان کا ذاتی طو سے نقصان ہے۔ وہ میرے سرپرست کے طور پر رہے۔ریاست کی سیاست میں بی جے پی کو اونچائی دینے میں ان کا کافی اہم کردار رہا ہے۔ ہر شخص یہ محسوس کرتا تھا کہ ہمارا کوئی خیر خواہ لکھنو ¿ میں موجود ہے۔ہر کارکن سوچتا تھا کہ جب لکھنو ¿ جائیں گے اگر کوئی نہیں ملے گا تو بھی ٹنڈن جی تو ضرور ملیں گے وہ ہماری سنیںگے اور اس کا حل نکالیں گے۔


    تمل ناڈوکے گورنر بنواری لال پروہت نے گورنر لال جی ٹنڈن کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہارکرتے ہوئے انہیں عظیم سیاستداں، موثر منتظم اوربڑا انسان قرار دیا۔گورنر ہاو ¿س سے جاری ریلیز میں کہاگیا ہےکہ مسٹرپروہت نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ”مسٹر ٹنڈن کے انتقال سے مجھے گہرا صدمہ اور دکھ پہنچا ہے۔“ انہوں نے کہاکہ مسٹرٹنڈن نے اپنی پوری زندگی ملک کے لئے بالخصوص اترپردیش کے لوگوں کے لئے وقف کردیا۔ ان کاانتقال ملک کے لوگوں کے لئے غیر معمولی نقصان ہے۔


    آندھر پردیش کے گورنر وشوابھوشن ہری چندن نے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی موت پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا ۔گورنر نے دومعیادوں کے لئے اترپردیش قانون ساز کونسل کے لیڈر و تین معیادوں کے لئے اسمبلی کے رکن کے ساتھ ساتھ یوپی حکومت میں وزیر کے طورپر ان کی خدمات کو یاد کیا۔مسٹر ہری چندن نے کہاکہ لال جی ٹنڈن 15ویں لوک سبھا میں رکن تھے۔مدھیہ پردیش کے گورنر کے طورپر ان کے اقدامات یاد رکھے جائیں گے جو ریاست کی یونیورسٹیوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لئے ان کی جانب سے کئے گئے تھے۔گورنر نے لال جی ٹنڈن کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔


    واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے بزرگ لیڈر مسٹر ٹنڈن کا منگل کی صبح اتر پردیش کے دار الحکومت لکھنﺅ میں انتقال ہوگیا ۔ وہ 85 سال کے تھے ۔ وہ گذشتہ کئی دنوں سے بیمار تھے اور ان کا لکھنﺅ کے ایک اسپتال میں علاج چل رہا تھا ۔ ان کی آخری رسومات آج شام ادا کی جائے گی ۔

بہار کے مغربی چمپارن کے قریب 70 گاﺅں میں سیلاب کا پانی داخل


 بہار کے مغربی چمپارن کے قریب 70 گاﺅں میں سیلاب کا پانی داخل


بہار کے مغربی چمپارن کے قریب 70 گاﺅں میں سیلاب کا پانی داخل



بگہا 21 جولائی . نیپال میں مسلسل ہورہی شدید باش کے مابین بہار میں مغربی چمپارن ضلع کے والمیکی نگر بیراج سے منگل کو چھوڑے گئے ساڑھے چار لاکھ کیوسک پانی سے گنڈک ندی میں آئی طغیانی سے سیلاب کا پانی ضلع کے قریب 70 گاﺅں پھیل گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہاںبتایاکہ والمیکی نگر بیراج سے گنڈک ندی میں ساڑھے چارلاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ۔ اس سے علاقہ میں سیلاب نے خوفناک صورتحال اختیارکرلی ہے ۔ اس سے مغربی چمپارن ضلع کے ندی کے سرحدی ٹھکراہا ، بھتہا ، مدھوبنی اور پپراسی بلاکوں کے نشیبی علاقوںمیں رہائش پذیر قریب ستر گاﺅں میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے ۔


 انتظامیہ کی جانب نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر ان سبھی متاثرہ گاﺅں کے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے میں مددکی جارہی ہے ۔گنڈک ندی کے کنارے واقع انتہائی اہم پپرا سی پشتہ کے کئی مقامات پر پانی کا زبردست دباﺅ ہے ۔ اس پشتہ کے بھتہا ریٹائرڈ لائن 32.38 پوائنٹ پر گنڈک ندی کا زبردست دباﺅ برقرار ہے ۔ یہاں آبی وسائل محکمہ کے انجینئروں کی ٹیم مسلسل چوکسی برت رہی ہے ۔ سیلاب کی وجہ سے والمیکی نگر کے جھنڈا ٹولہ واقع سرحدی سیکوریٹی فورس ( ایس ایس بی ) کی 21 ویں بٹالین کیمپ میں سیلاب کا پانی داخل ہوجانے سے جوانوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔

 والمیکی نگر ہوائی اڈہ میں بھی سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے ۔ وہیں چکھنی گرام کے نزدیک نیشنل ہائی وے نمبر 727 سیلاب سے تباہ ہوگیا ہے جس سے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو گئی ہے ۔ وہیں ضلع کے شمالی علاقہ میں پہاڑی ندیاں مسان ، بھلوئی ، سنگا ، کاپر ، رگھیا نے بھی زبردست تباہی مچا رکھی ہے ۔ کئی مقامات پر دیہی سڑکیں کٹ گئی ہیں اور پل۔ پلیا برباد ہو گیا ہے ۔ سیلاب کی شدت کو دیکھتے ہوئے بگہا میں این ڈی آرایف کی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے اور متعلقہ سرکل افسر اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلسل چوکسی برت رہے ہیں۔




BIHAR #,GANDAK#, FLOOD #,BSF#,WALMIK NAGAR





Wednesday, 15 July 2020

بزمِ صدف کے اہم کارکن عرفان اللہ کی والدہ کا انتقال

بزمِ صدف کے اہم کارکن عرفان اللہ کی والدہ کا انتقال



پٹنہ/دوحہ بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سرگرم کارکن دوحہ، قطر شاخ کے پروگروام کوآرڈینیٹر محمد عرفان اللہ کی والدہ محترمہ خالدہ پروین کے انتقال پربزمِ صدف انٹرنیشنل نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 

آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق بزمِ صدف کے سرپرست اعلی محمد صبیح بخاری، چیئرمین شہاب الدین احمد، ڈائرکٹر صفدر امام قادری، بین الاقوامی کوآرڈینیٹر احمد اشفاق اور دوحہ، قطر کے ارکان میں عمران اسد، ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش، مقصود انور اور اوم پرکاش پریدہ کے ساتھ ساتھ ہندستانی شاخ کے سکریٹری ڈاکٹر محمد زاہد الحق، ڈاکٹر ظفر امام، دلی شاخ کے صدر ڈاکٹر واحد نظیر اور میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر تسلیم عارف نے اپنے ایک سرگرم رکن کی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہونے کا یقین دلایا ہے اور مرحومہ کے لیے خدا سے ان کے درجات بلند کرنے کی دعا کی ہے۔ 


بزم صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین احمد نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسٹر عرفان اللہ کے ساتھ ہماری ساری ہمدردی ہے۔ خدا سے دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت کرتے ہوئے جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرجمیل عطا کرے۔ انہوں نے کہاکہ مرحومہ صوم صلوۃ کی پابند، نیک اور مخیر تھیں۔


واضح رہے کہ بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سرگرم کارکن دوحہ، قطر شاخ کے پروگروام کوآرڈینیٹر محمد عرفان اللہ کی والدہ محترمہ خالدہ پروین کا پینسٹھ برس کی عمر میں کل ان کے آبائی وطن بتیا، مغربی چمپارن میں ایک مختصر علالت کے بعد انتقال ہوا۔ محلہ بسوریا کے قبرستان میں وہ دفن ہوئیں۔دو برس قبل ان کے شوہر محمد رسول صاحب 21/جولائی 2018ء کو اس دارفانی سے کوچ کر گئے تھے۔ پسماندگان میں محمد عرفان اللہ کے علاوہ دوسرے صاحب زادے رضوان اللہ اور دو دختران شاہینہ اور نجمہ کے علاوہ پوتے پوتیاں اور نواسے موجود ہیں۔ محمد عرفان اللہ کورونا کے مسائل کی وجہ سے قطر سے ہندستان نہیں آسکے اور تجہیز و تکفین میں شامل نہ ہوسکے۔


Tuesday, 30 June 2020



سبزی باغ شاہراہ کی تعمیر شروع ہونے سے عوام میں مسرت و شادمانی

متحرک و فعال نوجوان وارڈ کونسلر اسفر احمد اور سابق ایم ایل سی انور احمد پیش پیش




پٹنہ (قمرالحسن) پٹنہ کے قلب سبزی باغ وارڈ چالیس کی شاہراہ پر تعمیراتی کام زورو شور سے جاری و ساری ہے ۔ جس سے لوگوں میں کافی خوشی کا ماحول ہے ۔ کیونکہ شاہراہ کے بن جانے سے عوام کو آمد ورفت میں مزید سہولیات ہوںگی ۔ وارڈ چالیس کی ترقی میں نوجوان و متحرک وارڈ کونسلر اسفر احمد پیش پیش ہیں جن کی کوششوں سے یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ۔ ساتھ ہی سابق ایم ایم ایل سی اور عوامی کوآپریٹیو بینک کے چیئرمین انور احمد کی بھی کوششوں کی بدولت یہ کام ہو پایا ہے ۔ مسٹر انور احمد اور مسٹر اسفر دونوں عوامی کاموں میں کافی متحرک و فعال نظر آتے ہیں۔ اور عوامی خدمات کے تئیں ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ابھی کچھ دن قبل راشن کارڈ بنانے سمیت وارڈ کی صاف صفائی میں جناب انور احمد اور اسفر احمد ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ اور وارڈ کی ترقی میں ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
واضح رہے کہ کافی دنوں سے یہ شاہراہ خستہ حال تھی اور عوام کو بارش کے دنوں میں کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا لہذ جب سے اس شاہرا ہ پر کام شروع ہوا ہے لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے اور یہ سب وارڈ کونسلر جناب اسفر احمد کی کوششوں سے ہو پایا ہے ۔

Friday, 7 February 2020

9فروری کو معہدالہدی الاسلامی سپول کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کانفرنس 
سپول 07 فروری (قمر الحسن) معہدالہدی الاسلامی عبد اللہ نگر سپول کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کانفرنس بتاریخ 09 فروری 2020 بروز اتوار بعد نماز عصر تا وقت مناسب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ جس میں ملک کے مشہور ومعروف علماءکرام کی شرکت متوقع ہے ۔ جن میں شیخ عبد العلیم السلفی ، شیخمحمد جرجیس سراجی چتروی ، حافظ معروف اعظم ریاضی حال مقیم قطر، ، شیخ امان اللہ المدنی ، شیخ نظام الدین المدنی ، فیروز عالم الندوی ، غازی بن عبد السمیع امیر امارت اہل حدیث ، شیخ عبد اللہ اسحاق ، آفتاب عالم محمد ی ،سیف الرحمن ، شیخ خورشید عالم مدنی نائب امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار ، شیخ انعام الحق مدنی ، شیخ محمد ابراہیم مدنی ،شیخ عبد الرحمن السلفی ، شیخ منصور عالم السلفی ، قاری شمشاد ، شیخ توحید عالم السلفی ، شمیم اختر فیضی ، شیخ عبد السلام ندوی ، شیخ اکرام الحق ، شیخ محمد داﺅد ، شمشیر عالم ، مجاہدالاسلام ، عبدالقادر وغیرہم کی شرکت متوقع ہے۔ مذکورہ باتیں شیخ قمر الہدی اسلامی مدیر معہد الہدی الاسلامی عبد اللہ نگر سپول نے اپنے ایک اخباری بیان میںکہی ہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے برداران اسلام سے گذارش کی ہے کہ کثیر تعداد میں کانفرس میں شریک ہوکر علماءکرام کے مواعظ حسنہ سے مستفید ہوں اور معہد کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر ثواب دارین کے مستحق ہیں۔ خواتین کیلئے پردہ کا معقول انتظام ہے ۔