اردو قلمکاروں کو مالی امداد، کرناٹک اردو اکادمی کا مستحسن قدم
گلبرگہ 23اگست(پ ۔ ا۔ ن ) ڈاکٹر ماجد داغی معتمد انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ نے بتایا کہ کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے کرناٹک کے شعرائ، ادباء،صحافی، آرٹسٹ، ڈرامہ فنکار، قوالی وغزل سنگرس کو کووڈ 19 مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔کرناٹک اردو اکامی کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کرناٹک کے قلمکار اور فنکاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس اسکیم سے استفادہ کریں۔ درخواست فارم میں جوشرائط دی گئی ہیں ان کی تکمیل کرتے ہوئے 31 اگست تک درخواست فارم دفتر اکادمی پہنچ جانا چاہیئے۔ مزید تفصیلات اور درخواست فارم کرناٹک اردو اکادمی کے ویبسائٹ www.karnatakurduacademy.orgسے حاصل کئے جاسکتے ہیں یا درخواست فارم دفتر انجمن ترقی اردو ہند روبرو کے بی ین اسپتال اسٹیشن روڈ گلبرگہ سے بھی دوپہر ایک تا پانچ بجے کے دوران حاصل کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر ماجد داغی نے محترمہ عائشہ فردوس رجسٹرار کرناٹک اردو اکیڈمی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرناٹک اردواکیڈمی کے اعلان کی تفصیلات میں اردو میڈیم سے میٹرک میں نمایاں نشانات حاصل کرنے والے اور پی یو کے طلبہ جنہوں نے مضمون اردو اختیار کیا رقمی انعامات کے اعلان کے ساتھ ساتھ ایم اے اردو کے زیرِ تعلیم طلبہ کو 25 ہزار اسکالرشپ کا اعلان بھی کیا ہے جو نہ صرف طالب علموں کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ اردو زبان کے فروغ کے لئے بھی ایک موثر ترغیب ہے۔انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کرناٹک اردواکیڈمی بنگلور کے ان قابلِ قدر اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے محترمہ عائشہ فردوس کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہے۔ڈاکٹر ماجد داغی نے کہا کہ محترمہ عائشہ فردوس کے مستحسن اعلانات کے بعد ریاست کے اردو داں طبقہ سے ان کی کی گئی ہمدردانہ اپیل بھی اردو زبان کے فروغ اور استحکام کے لئے لائقِ تحسین اور قابلِ تقلید گزارش ہے کہ جس میں وہ اہلِ اردو کو اپنے بچوں کو اردو اسکولوں میں داخل کروانے کی درخواست کی ہے۔اور ساتھ ہی ساتھ انگریزی یا کنڑا میڈیم اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ سے اردو مضمون اختیار کرنے کی بھی پر زور اپیل کی ہے کہ مضمون اختیاری تھرڈ لنگویج کی حیثیت سے اردو کا انتخاب کیا جاسکتا ہے اور کالجوں میں اردو مضمون موجود نہ ہو تو اس کیلئے والدین اور مقامی اردو تنظیمیں کالج کی انتظامیہ سے رجوع ہوکر اردو مضمون رائج کرنے کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ اس طرح انہوں نے اردو تعلیم کو فروغ دینے کی ہر سطح پرکوشش کا آغاز کرنے کی شاندار پہل کی ہے اور اس خصوص میں اردو تنظیموں کو بھی متوجہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی اہمیت اور ضرورت سے متعلق والدین کو بھی آگاہ کریں اور اس طرح سماج میں اردو تہذیب، اردو زبان و ادب کے سلسلے میں بیداری پیدا کریں۔انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ،کرناٹک اردو اکاڈمی کی ان کوششوں کی ستائش کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔
No comments:
Post a Comment