Friday, 6 August 2021

 

جے ڈی یو قومی صدر للن سنگھ کا پٹنہ میں پرتپاک خیرمقدم



پٹنہ 06 اگست

جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر کے عہدہ کی ذمہ دار
ی سنبھالنے کے بعد بہار کے مونگیر سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کے آج پہلی مرتبہ پٹنہ پہنچنے پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا ۔

مسٹر سنگھ کے یہاں پٹنہ کے جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پہنچنے پر جمعہ کو بڑی تعداد میں کئی گھنٹے سے انتظار کر رہے کارکنان اور حامیوں نے فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ اس کے بعد پرجوش حامیوں نے پھول ۔ مالاﺅں سے انہیں لاد دیا۔ نتیش کمار اور للن سنگھ زندہ باد کے نعروں کے دوران ان کا قافلہ بڑی جدوجہد کے بعد نکل سکا ۔ حامی ہاتھی ، گھوڑے اور اونٹ کے ساتھ ان کے خیر مقدم کیلئے انتظار کرتے نظر آئے ۔
مسٹر سنگھ کھلی گاڑی میں کارکنان اور حامیوں کا ہاتھ ہلاتے ہوئے پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کی جانب روانہ ہوگئے ۔ ان کا قافلہ مقررہ شاہراہ ایئر پورٹ سے شیخ پورہ موڑ ہوتے ہوئے بیلی روڈ کے ہڑتالی موڑ سے آگے بڑھا۔ ان شاہراہوں پر قبل سے انتظار کر رہے کارکنان نے قافلے کو روک کر انہیں مالا پہنایا ۔ اس کے بعد دھیرے ۔ دھیرے ان کا قافلہ پارٹی دفتر پہنچا ۔ جہان ان کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
واضح رہے مسٹر سنگھ کو مسٹر آر سی پی سنگھ کے مرکز میں وزیر کے عہدہ کی ذمہ داری ملنے کے بعد پارٹی کے قومی صدر کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔

 

 

 

قابل اعتراض پوسٹ کرنے کے معاملے میں نوجوان گرفتار



بکسر ،06 اگست

بہار میں بکسر ضلع کی پولیس نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ کرنے کے معاملے میں ایک نوجوان کو گرفتار کیاہے ۔
ایٹاڑھی تھانہ صدر راجیش کمار مالاکار نے جمعہ کو یہاں بتایاکہ بسودھر گاﺅں باشندہ مکیش کمار گوڑ نے سوشل میڈیا پر ایک قابل اعتراض پوسٹ کیا تھا ۔ مکیش کو پوسٹ ہٹانے کیلئے کہا گیا لیکن اس کے باوجود نوجوان نے اسے نہیں ہٹایا۔ انہوں نے بتایاکہ معاملے میں سنیئر افسران کی ہدایت پر نوجوان کے خلاف ایٹاڑھی تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ۔
مسٹر مالاکار نے بتایاکہ معاملہ درج ہونے کے بعد نوجوان کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔

 

 

حکومت بہار جلد لیکر آئے گی

ٹیکسٹائل اور لیدر پالیسی :شاہنواز حسین




پٹنہ 06اگست

بہار کے وزیر صنعت شاہنواز حسین نے آج کہاکہ حکومت جلد ہی نئی ٹیکسٹائل اور لیدر پالیسی لیکر آئے گی ۔
مسٹر حسین نے جمعہ کو یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ریاستی دفتر میں منعقدہ تعاون پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ ریاست کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت بہار کی ترقی کیلئے پوری طرح سے متحد ہے ۔ ریاست کو ترقی یافتہ بنا کر دکھائیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی ریاستوں سے بڑی۔ بڑی کمپنیاں ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں ۔ صنعت کے تئیں اچھا ماحول بناہے ۔ حکومت سب کا ساتھ سب کا ویکاس کی فکر کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔
صنعت کے وزیر نے تلنگانہ صنعتی ادارہ کے ذریعہ مدعو کئے جانے پر تلنگانہ واقع صنعتی ادارہ سے منسلک کمپنی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک مرتبہ تو آئیے بہا رمیں ‘ صنعتی ماحول بنا ہے ۔ نئی ٹیکسٹائل اور لیدر پالیسی لانے کی تیاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت سنگ بنیاد نہیں بلکہ افتتاح کرنے میں یقین رکھتی ہے ۔
مسٹر حسین نے کہاکہ مکا، ٹوٹا چاول ملاکر ایتھنول بنایاجائے گا۔ سات دن کے کام دن میں صنعت کیلئے تجویز کو منظوری دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بارہ بنکی سے آئے ایس آر کمپنی نے ریاست کے اپنے تین دن کے دورے کے بعد انہیں بتایاکہ بہار میں سوشاسن کا راج ہے ۔ بارہ بنکی کی پپسی کمپنی بیگو سرائے میں صنعت لگانے کیلئے تیار ہے ۔ اسی طرح کوکا کولا کمپنی زمین مانگ رہی ہے ، جسے موتی پور ، سپول کے علاقے کیلئے لیٹر بنا کر دیا گیا ہے ۔
وزیر صنعت نے کہاکہ بارہ بنکی کی دو کمپنی آرگینک انڈیا تلسی کی کھیتی کسانوں سے کرواتی ہے ، جسے کسانوں کو فائدہ مل رہاہے ۔ کورونا مدت میں اس کی بڑی اہمیت رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں ایتھنول کے لئے 30 ہزار کروڑ روپے کی تجویز آئی ہے ۔ مرکزی حکومت سے اس سے متعلق بات چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام شعبوں میں روزگار کی تخلیق کی جا رہی ہے ۔

 

 


سہرسہ-پاٹلی پتر ایکسپریس

 10 اگست سے چلے گی

 

حاجی پور، 6 اگست

 مشرقی وسطی ریلوے (ای سی آر) نے کورونا وائرس کا اثر کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر بہار میں سہرسہ اورپاٹلی پتر اسٹیشن کے درمیان چلنے والی اسپیشل ایکسپریس ٹرین کا آپریشن 10 اگست سے شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ای سی آر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر راجیش کمار نے جمعہ کو بتایا کہ ٹرین نمبر 03205 سہرسہ-پاٹلی پتر ایکسپریس 10 اگست 2021 سے اگلے حکم تک سہرسہ سے روزانہ 23.30 بجے روانہ ہوگی اورسمری بختیا پور، مانسی، کھگڑیا، بیگوسرائے، برونی، حاجی پور کے راستے اگلے روز 04.25 بجے پاٹلی پتر پہنچیے گی۔ اسی طرح  ٹرین نمبر 03206 پاٹلی پتر- سہرسہ اسپیشل ایکسپریس 11 اگست سے اگلے حکم تک پاٹلی پتر سے روزانہ صبح 09.10 بجے روانہ ہوگی اور انہیں اسٹیشنوں پر رکتی ہوئی  15.00 بجے سہرسہ پہنچے گی۔مسٹر کمار نے کہا کہ اس ٹرین میں  2 ایس کے پانچ، سلیپر کے چھ، اے سی-3 کے دو کوچزسمیت کل 15 کوچ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹرین میں سفر کے لیے پیشگی ریزرویشن کرنا اور سفر کے دوران کووڈ -19 کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔یواین آئی۔الف الف

 

 

آسمانی بجلی سے پانچ لوگوں کی موت

  پانچ خواتین زخمی



گڈا،06 اگست

 جھارکھنڈ میں گڈا ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ میں جمعہ کو آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ دیگر جھلس گئے ۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایاکہ ضلع میں آج دو پہر شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے مفصل تھانہ علاقہ کے پراسی ، بھدرائے اور کیروار گاﺅں میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ دیگر جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین میں پراسی گاﺅں کے راج کشور پاٹھک ، بھارتی دیوی ، گوری دیوی اور بھدرائے گاﺅں کی کچن دیوی اور قصبہ گاﺅں کے نول کشور یادو شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایاکہ واقعہ کے وقت سبھی کھیت میں کام کر رہے تھے تبھی آسمانی بجلی کی زد میں آگئے ۔
حادثے میں پانچ خواتین زخمی ہوگئیں جنہیں صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے گڈا بھیج دی گئی ہیں۔

 

 

حکومت نریندرمودی اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم کانام بھی تبدیل کرے: کانگریس

 

 

نئی دہلی، 6 اگست (پ ا ن)

کانگریس نے راجیوگاندھی کھیل رتن ایوارڈ کانام تبدیل کرکے میجردھیان چند کے نام پررکھنے کے فیصلے کاخیرمقدم کیا لیکن کہا کہ اب حکومت کونریندرمودی اسٹیڈیم اورارون جیٹلی اسٹیڈیم کانام بھی تبدیل کردیناچاہیے۔کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت نے راجیو گاندھی کھیل رتن کا نام تبدیل کیاہی ہے تواسے اب پہلے نریندرمودی اسٹیڈیم اورارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بھی تبدیل کردیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ میجردھیان چند کوہاکی کاجادوگرکہا جاتا ہے اورانہیں یہ نام ملک ہی نہیں بلکہ دنیا نے دیا۔ میجردھیان چند کاپوری دنیا میں احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس شخصیٹ کانام اپنے چھوٹے سیاسی مقصد کوحاصل کرنے کے لئے کیا ہے اوراس معمولی مقصد کے لئے ان کے نام کا استعمال کرنااچھا نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ ان کی پارٹی میجردھیان چندکے نام پر ایوراڈکانام رکھنے کاخیرمقدم کرتی ہے اورمطالبہ کرتی ہے کہ اب بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈران کے نام پر رکھے گئے اسٹیڈیموں کا نام بھی تبدیل کرناچاہیے۔

 

 

 

کسانوں کے معاملے پربحث نہیں، زرعی قانون ختم کرے حکومت:راہل



نئی دہلی،

 6 اگست(پ ا ن) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان

 کی پارٹی اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں کسانوں کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں چاہتیں بلکہ حکومت سے کسان مخالف زرعی تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کامطالبہ کر رہی ہیں۔


مسٹر گاندھی جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ یہاں جنتر منتر پر منعقد 'کسان سنسد' میں حصہ لینے کے بعد صحافیوں کے سوال پرکہا کہ اپوزیشن کواب کسانوں کے مسئلے پر بحث نہیں چاہیے۔ بحث سے اب کام نہیں چلے گا اس لیے حکومت کو زراعت سے متعلق تینوں قوانین کو منسوخ کرنا چاہیے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بحث کا وقت گزر چکا ہے۔ زرعی قانون کسانوں کے مفاد میں نہیں ہے اس لیے حکومت کومظاہرین کسانوں کی بات مانتے ہوئے تینوں قوانین کو فوری طور ختم کرنے کا اعلان کرنا چاہیے۔ مسٹر گاندھی سے جب پوچھاگیا کہ حکومت نے کسانوں کے مسئلے پر بحث کرنے کے لئے تیار ہونے کی بات کی ہے تومسٹرگاندھی نے کہا، ’’نہیں، نہیں! بحث سے کوئی کام نہیں چلے گا۔ یہ کالے قانون ہیں۔ ان کو منسوخ کرناپڑے گا۔‘‘


انہوں نے کہا، "آج اپوزیشن جماعتوں نے مل کر کسانوں کے مسئلے اور ان کالے قوانین کو ہٹانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت دی ہے۔پارلیمنٹ میں آپ جانتے ہیں کیا ہورہا ہے۔ پارلیمنٹ میں ہم پیگاسس کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں، وہاں پر وہ پیگاسس کی بات نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ نریندر مودی جی ہر ہندوستانی کے فون میں داخل ہوگئے ہیں۔ یہاں پرہم ہندوستان کے تمام کسانوں کو اپنا مکمل تعاون دینے آئے ہیں۔


کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی زراعت کے قانون کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، "کسان ہمارے ملک کی روح ہیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ انہیں کی وجہ سے پارلیمنٹ میں ہیں۔ پارلیمنٹ سے سڑک تک کسانوں کی آوازاٹھانا ہم سب کا فرض ہے۔ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں۔ سیاہ قانون منسوخ کرو۔‘‘
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ پورا اپوزیشن کسانوں کے مطالبات پر متحد ہے۔ انہوں نے کہا، "آج مسٹر راہل گاندھی سمیت 14 سیاسی جماعتوں کے رہنما جنتر منتر پر کسان سنسد میں شامل ہوئے۔ کسانوں کی لڑائی کواپناتعاون دیا اور کسانوں کی لڑائی کی حمایت کرنے کے اپنے فیصلہ کن عزم کا اعادہ کیا۔ کسانوں نے بھی مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد  منظور کی۔

 

 

 

لداخ کے زانسکار میں گلیشیئر پیچھے کھسک رہے ہیں: تحقیق



نئی دہلی، 6 اگست 

(پ ا ن) درجہ حرارت میں اضافے اور موسم سرماں میں کم برفباری ہونے کی وجہ سے لداخ کے زانسکار میں واقع  پینسلنگپا گلیشیر (پی جی) پیچھے کھسک رہا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گلیشیر درجہ حرارت میں اضافہ اور سردیوں میں کم برف باری ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ واڈیا انسٹی ٹیوٹ آف ہمالیئن جیولوجی (WIHG)، دہرادون، 2015 سے گلیشیئروں کا مطالعہ کر رہی ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ  حکومت ہند کے محکمہ سائنس وٹیکنالوجی کے ماتحت ہے۔ اس کے تحت، گلیشیروں میں برف جمع ہونے کی صورتحال، برف پگھلنے کی حالت، ماضی کے موسمی حالات، مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کی کیفیت اور اس خطے کے گلیشیئروں پر پڑنے والے اثرات کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ہمالیہ کے علاقوں جیسے زانسکار کا  مطالعہ کیا جس کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں۔
گلیشیئروں میں برف جمع ہونے کی کیا صورتحال ہے اور اس پر کتنی برف ہے، اس کا موقع پر معائنہ کیا گیا۔ اس کے لیے بانس سے بنا ہوا ایک پیمانہ گلیشیر کی سطح پر نصب کیا جاتا ہے۔ یہ کھود کرکے  اندر گاڑا جاتا ہے۔ اسی سے برف کی حالت کی پیمائش کی جاتی ہے۔ اسی طرح کا پیمانہ 2016 سے گلیشیر کی سطح پر موجود تھا۔

پنسلنگپا گلیشیر پر جمی ہوئی برف پر ماضی اور حال کے زمانے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا اندازہ  لگایا گیا۔ چار سالوں کے دوران میدانی مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ وادی زانسکار میں یہ گلیشیر اوسطا  6.7  پلس مائنس 3 ایم اے -1 کی شرح سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ یہ مطالعہ  میگزين 'ریجنل اینوائرنمنٹ چینج' میں شائع ہوا ہے۔ سائنسدانوں کی ٹیم نے گلیشیر کے پیچھے کھسکنےکا سبب درجہ حرارت میں اضافے اور سردیوں میں کم برف باری بتایا ہے۔

مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برف کی چادر کے اوپر ملبہ بھی جمع  ہے جس کے   مضر اثرات بھی ہو رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے گرمیوں میں گلیشیر کا ایک سرا کھسک جاتا ہے۔ مزید یہ کہ پچھلے تین سالوں (2016-2019) کے دوران برف جمع ہونے میں منفی رجحان رہا ہے اور برف کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ جمع ہوا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہوا کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے برف کے پگھلنے میں تیزی آئے گی۔
واضح رہے کہ پوری دنیا میں ہوا کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ امکان ہے کہ گرمیوں کے دورانیہ میں اضافے کی وجہ سے اونچی جگہوں پر برف باری کے بجائے بارش شروع ہو جائے، جس کی وجہ سے سردی-گرمی کے موسم کا مزاج بھی بدل جائے گا

 

 

 

 

ممتاز کھیل رتن ایوارڈ کانام تبدیل کرکے 'میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ' کیاگیا



نئی دہلی، 06 اگست

(پ ا ن)ممتاز   کھیل رتن ایوارڈ کانام تبدیل کرکے اب 'میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ'  کردیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ معروف  ایوارڈ سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے نام پر راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کو فخر کرنے کا موقع فراہم کرنے والے لمحات کے درمیان کئی ہم وطنوں کی یہ بھی درخواست آئی ہے کہ کھیل رتن ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند جی کے نام سے  وقف کیا جائے۔ لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اس کا نام بدل کر میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ رکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میجر دھیان چند، ہندوستان کے صف اول کے کھلاڑیوں میں شامل تھے جو ہندوستان کے لیے اعزاز اور فخر کا باعث بنے۔ یہ ہر لحاظ سے مناسب ہوگا کہ ہمارے ملک  کا سب سے بڑا کھیل اعزاز ان کے نام سے موسوم کیا جائے۔
اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی سے ہم سب انتہائی مسرور ہیں۔خاص طور سے ہاکی میں  ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں نے جس طرح کی قوت ارادی کا مظاہرہ کیا ہے، جیت کے تئیں جس طرح کی وارفتگی اورجوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے، وہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیےبہت زیادہ حوصلہ افزاہے۔